لاہور ( صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن نے فری آئی ٹی ٹریننگ پروگرام “بنو قابل” کے تحت لاہور میں رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد لاکھوں طلبہ کو مفت آئی ٹی تعلیم فراہم کرتے ہوئیملک بھر میں ڈیجیٹل انقلاب کی راہ ہموار کرنا ہے۔
سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید وقاص جعفری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنو قابل پروگرام محض ایک پروگرام نہیں بلکہ ایک عزم ہے جو نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، اور خود انحصاری کے ذریعے غربت اور بے روزگاری کی دلدل سے نکالنے کی کوشش کررہاہے ، یہ پروگرام نہ صرف پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ طلبہ کی انفرادی و معاشی حالت کو بھی بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
اس پروگرام کیتحت طلباوطالبات کو آئی ٹی کے 28 جدید کورسز کروائی جائیں گی جن میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ، فری لانسنگ، ای کامرس، اور دیگر آئی ٹی مہارتیں شامل ہیں۔اگلے مرحلے میں فری آئی ٹی کورسز مکمل کرنے والے طلبہ کو انڈسٹری کے ساتھ منسلک کیا جائے گا تاکہ وہ عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔
مزید برآں طلبہ کو فری لیپ ٹاپس فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ ڈیجیٹل دنیا میں اپنی جگہ بنا سکیں۔ بنو قابل پروگرام کے تحت ذہین اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو خصوصی اسکالرشپس بھی دیے جائیں گے تاکہ ان کے تعلیمی سفر کو مزید تقویت ملے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کا یہ اقدام پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک نئی امید اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔