شدید دھند ،ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات،19افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

فتح جنگ ،نوشہروفیروز،جیکب آباد ،بہاولپور(صباح نیوز) ملک کے مختلف علاقوںفتح جنگ،بہاولپور ،کوٹ ادو،شور کوٹ،لودھراں،نوشہروفیروز اور جیکب آباد میں   ٹریفک حادثات میں19افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق موٹروے ایم 14پر فتح جنگ انٹرچینج کے قریب بس حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں 10 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق   حادثہ بس کا ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا، بس میانوالی سے راولپنڈی جا رہی تھی۔زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فتح جنگ منتقل کردیا گیا ۔ بہاولپور میں قومی شاہراہ پر اعظم چوک کے قریب مسافر مزدا وین الٹ گئی جس میں 3 افراد زخمی ہوگئے،حادثہ تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا، زخمی مسافروں کو وکٹوریہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔کوٹ ادو میں لنگرسرائے کے قریب دھند کے باعث ٹریکٹرٹرالی،مزدہ اورمسافرکوچ آپس میں ٹکراگئے،حادثہ میں ایک شخص جاں بحق، دوافراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ہسپتا ل منتقل کردیاگیا۔

شور کوٹ کینٹ روڈ پر موٹروے انٹرچینج کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، 31 سالہ محمد رمضان سر میں چوٹ لگنے سے موقع پر ہی  دم توڑ ہو گیا،جاں بحق شخص کی لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔لودھراں میں مخدوم والی کے قریب ملتان جاتے ہوئے گا ڑی اور ٹریکٹرٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں پانچ مسافر زخمی ہوگئے،ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔۔ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں مورو کے مقام پر شدید دھند کے باعث وین اور ٹرالر میں تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 14زخمی  ہوگئے، جاں بحق افراد میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔زخمیوں کو مورہسپتال منتقل کردیا گیا ،

خوفناک حادثے کے  زخمیوں میں سے 10افراد کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث انہیں نواب شاہ ریفر کیا گیا  ۔ پولیس کے مطابق تمام تر افراد کا تعلق تگر برادری سے جو حیدرآباد سے شادی کی تقریب سے واپس اپنے آبائی گائوں آرہے تھے۔حادثے کا سنتے ہی ڈپٹی کمشنر نوشہرو چیئرمین میونسپل کمیٹی موروپہنچے جہاں پر ایمرجنسی میں سہولت نہ ملنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ سندھ کے ہی شہر جیکب آباد میں دھند کے باعث  ٹرک اور کار میں ہوئے تصادم سے ایس ایچ او غلام نبی بجارانی زخمی ہوگئے۔پولیس  کے مطابق حادثہ تھانہ صدر کی حدود ٹھل جیکب آباد روڈ پر پیش آیا، ٹرک کو تحویل میں لے کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا  ۔

سی پیک،فتح جنگ انٹرچینج کے قریب بس الٹ گئی۔ٹریفک حادثہ میں 12افراد جاں بحق،9 افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق سی پیک پر فتح جنگ انٹرچینج کے قریب میانوالی سے راولپنڈی جانے والی بس الٹ گئی جس کے نتیجہ میں12 افراد جاں بحق اور 9زخمی ہو گئے۔لاشوں اور زخمیوں کو ریسکیو 1122 اور موٹر وے پولیس نے تحصیل ہسپتال فتح جنگ منتقل کیا گیا۔حادثہ بس کا ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین7  اور 5 مرد شامل ہیں۔جاں بحق ہونے والوں میں  سید نسیم بہاولپور ،نازیہ وہاڑی ،اسد رازق  اسلام آباد، فضا امتیاز بہاولپور ،سید اقرا فاطمہ  بہاولپور ،عبید الرحمان وہاڑی ، نازیہ عبید وہاڑی ، مہرالنسا  احمد شرق پور،محمد بشیر بہاولپور کے نام شامل ہیں جبکہ 2خواتین اور ایک مرد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔زخمی ہونے والوں میں بس ہوٹس کومل اقبال۔بہاولپور،راشدہ بہاولپور،اندرش طارق  گوجرانوالہ عدنان وہاڑی،رحیم علی کراچی،راحیل راولپنڈی،حسیب ہاشمی۔بہالپور،حنا غفور بہاولپور،سید علی عباس  بہاولپور  کینام شامل ہیں۔زخمی ہونے والی کومل ۔رشیدہ ۔راحیل۔حسیب ۔ حنا ۔سید علی عباس کو بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی  ریفر کر دیا گیا ہے جبکہ عدنان کو الشفا اور رحیم علی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی ریفر کردیا گیا۔