کراچی (صباح نیوز)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہاہے کہ ملک کے خلاف بات کرنے والوں سے بات نہیں ہوسکتی ، ذہن سے یہ بات نکال دی جائے کہ بانی متحدہ کی واپسی ہوگی۔
گورنر ہائوس کراچی میں احساس، کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کوئی بھوکا نہ سوئے کے تین موبائل یونٹس کا افتتاح کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ملک کے خلاف بات کرنے والوں سے بات نہیں ہوسکتی اور ذہن سے نکال دیا جائے کہ بانی متحدہ کی واپسی ہوگی ۔
تقریب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا پروگرام ہے کہ کوئی بھوکا نہ سوئے اس حوالے سے یہ ٹرکس بنائے گئے ہیں، ان میں کھانا معیاری ہوگا اور لوگ عزت کے ساتھ کھانا کھائیں گے۔گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کل 7 میں سے 3 موبائل یونٹس کراچی جبکہ 4 سندھ کے دیگر شہروں کے لیے ہوں گے۔