گلگت بلتستان میں بجلی کی شدید قلت مجرمانہ غفلت ہے، احسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گلگت بلتستان میں بجلی کی شدید قلت کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ عوام میں محرومی اور نظراندازی کے جذبات پیدا کر رہی ہے۔وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت وزیر اعظم کی ہدایت پر گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کی تنصیب سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، چیف وزارت امور کشمیر جی بی، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی، چیف انرجی وزارت منصوبہ بندی اور دیگر متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے گلگت بلتستان میں بجلی کی شدید قلت کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ عوام میں محرومی اور نظراندازی کے جذبات پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں کوئی سرمایہ کار علاقے میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں ہوگا۔وزیر منصوبہ بندی نے بتایا کہ اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران انہوں نے چینی کمپنیوں کو گلگت بلتستان میں سولر سسٹم نصب کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر سولر انرجی پر کام شروع کرے اور بہترین کمپنی کے انتخاب کے لیے شفاف بڈنگ کا عمل مکمل کرے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ سولر آف گریڈ بجلی فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور اس منصوبے پر پر فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے واضح ٹائم لائن اور میٹرکس ترتیب دینے کی ہدایت بھی دی۔ وزیر منصوبہ بندی نے سولر منصوبے کو پی سی ون میں شامل کرنے اور اس کی پیداوار اور آپریشن کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت جاری کی۔ مزید انہوں نے پی ایس ڈی پی کے تحت جاری گلگت بلتستان کے توانائی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اجلاس کے دوران نلتر 16 میگاواٹ ہائیڈرو پاور منصوبے کی جلد تکمیل کو خوش آئند قرار دیا گیا اور اسے توانائی بحران کے حل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔