کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ چنا نے کہاہے کہ حکومتی نااہلی وبے حسی کی وجہ سے سندھ کا ضلع کشمور مقبوضہ کشمیر جبکہ ضلع کرم پاراچنار غزہ کی منظرکشی کر رہاہے۔ سندھ میں ڈاکورراج اورپاراچنار میں بے گناہ لوگوں کے قتل عام کے بعد علاج کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے 100سے زائدبچوں کی اموات پرحکمراں عذاب لہٰی سے ڈریں۔ کشمورسمیت سندھ سے لیکرپاراچنارتک قیام امن اورشہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے لیے اقدامات کرکے حکومت اپنی ذمے داری پوری کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کشمور کے نومنتخب باڈی کو مبارکباد دینے کے موقع پربات چیت کے دوران کیا۔اس موقع پرصدرپریس کلب شفیق احمد مزاری ، سبحان کھوسہ اورضلعی نائب امیر افضل عطاکلوڑودیگر رہنمابھی ان کے ساتھ موجود تھے۔