کراچی( صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے اقتدار کی بھیک کی خاطر پانی سمیت سندھ کے وسائل وحقوق کی سودے بازی کی ہے، کراچی میں پانی چوری کیخلاف اور پانی کے حصول کیلئے احتجاج کرنے والوں پر مقدمات قائم کرنا شرمناک عمل ہے، پرامن احتجاج اور اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والوں پر مقدمات جمہوریت کی دعویدار پیپلزپارٹی کے منہ پر طمانچہ ہے۔ جماعت اسلامی کراچی تا کشمور پیپلزپارٹی کی کرپشن ونااہلی کیخلاف اور عوام کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی شہری اتحاد لاڑکانہ کے ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی گذشتہ سولہ سالوں سے بلاشرکت غیرے تسلسل کے ساتھ سندھ میں برسراقتدار ہے مگر اس وقت بھی سندھ کے عوام بنیادی انسانی سہولیات سے بھی محروم ہیں،
پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں بلکل بھی سنجیدہ نہیں نظرآتی جو منصوبہ ایک سال میں مکمل ہونا چاہئے تھا دس سال گذرنے کے باوجود بھی مکمل نہیں ہوسکا، جامشورو تاسیہون دورویہ سڑک اس کی واضح مثال ہے۔ سسٹم کے لاڈلوں نے سندھ کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ،سسٹم نے ہر ادارے میں اپنے کارندے بٹھاکر لوٹ مار کے تمام رکارڈ توڑدیئے ہیں، صوبائی امیر نے مزید کہا کہ خوشحال اور پرامن سندھ ومسائل سے نجات کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں کیوں کہ ملک میں حقیقی اور پائیدار تبدیلی صرف جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت لاسکتی ہے۔وفد نے صوبائی امیر سے والد کی وفات پر تعزیت اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔ وفد میں ایاز حسین جعفری ، قربان علی ابڑو، اعجاز علی ، محمد سلیم عباسی، شاہد علی ابڑو، جان محمد تنیو، راشد شیخ، غلام حسین انصاری جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع لاڑکانہ کے امیر ایڈووکیٹ نادر علی کھوسو اور قاری ابو زبیر بھی موجود تھے۔#