کوئٹہ(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ دن کی روشنی میں سیف سٹی ۔سینکڑوں کیمروں،چیک پوسٹوں اورسیکورٹی کے باوجود مصور کاکڑ کاسکول وین سے اغواء اوراس کے بعد کئی مہینے گزرنے کے باوجود تاحال برآمدنہ ہونا سیکورٹی فورسزحکمرانوں وانتظامیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے جماعت اسلامی مصورکاکڑ کے خاندان کیساتھ ہے ہم ایوان کے اندروباہر جدوجہد کرتے رہیں گے مصور کاکڑ برآمدنہ ہواتوہم قومی سطح پر اس مسئلے کو اُٹھائیں گے ۔حکومت ادارے سیکورٹی فورسزفوری طور پر مصور کاکڑ ہو بازیاب کریں ۔مصورکاکڑ بلوچستان کابیٹاہے ہم سب مصور کاکڑ کے خاندان کے غم میں شریک ہیں ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی دفتر میں مغوی مصورکاکڑ کے خاندان کے سربراہان حاجی ملنگ خان ،ملک نورعلی کاکڑ،سمیع اللہ کاکڑ سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیااس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر زاہدا ختر بلوچ ،مولانا عبدالحمید منصوری ،عبدالولی خان شاکر ،اسامہ ہاشمی بھی موجود تھے ۔
مغوی مصورکاکڑ کے خاندان کے سربراہان حاجی ملنگ خان ،ملک نورعلی کاکڑ،سمیع اللہ کاکڑ نے ایوان کے اندروباہر مصورکاکڑ کی بازیابی کے حوالے سے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ وجماعت اسلامی کی جدوجہد کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان اس مسئلے کو قومی سطح پر اُٹھالیں تاکہ معصوم مصور کاکڑ بازیاب ہوجائے ہمار اکسی سے کوئی دشمنی نہیں نہ ہماراکوئی سیاسی قومی عزائم ہے اگر مصور کاکڑ بازیاب نہ ہواتوکل کسی کابیٹا وبچے محفوظ نہیں ہوں گے اپنے بچوں کی حفاظت ،اپنے شہر وعوام اورجان ومال کی حفاظت کیلئے سب کو متحد ہونا ہوگا سیکورٹی فورسزوحکمرانوں اور انتظا میہ سے ہماری گزارش ہے کہ مغوی مصورکاکڑ کوفوری بازیاب کیا جائے اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ انشاء اللہ مصور کاکڑ کی بازیابی کیلئے ہم قومی سطح پر بھی جدوجہد کریں گے #