اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز جیت کر پاکستانی کرکٹ شائقین کو بہترین تحفہ دیا ہے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچز، چیئرمین پی سی بی اور متعلقہ حکام کی محنت کی پذیرائی کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ میں شاندار کم بیک کیا۔ ون ڈے سیریز میں کامیابی کھلاڑیوں کی محنت اور غلطیوں سے سیکھنے کی بدولت ممکن ہوئی۔ پر امید ہوں آئندہ میچز بالخصوص چیمپیئنز ٹرافی میں بھی ٹیم شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرا ون ڈے میچ اور سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے جنوبی افریقہ کو ہوم گرانڈ پر شکست دے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا،
اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوگا۔محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ٹیم ورک کا بہترین مظاہرہ کرکے سیریز اپنے نام کی، محمد رضوان، بابراعظم اور کامران غلام نے عمدہ بلے بازی کرکے جیت کی بنیاد رکھی۔ امید ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی شاندار کارکردگی دکھائے گی۔یاد رہے کہ پاکستان نے 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو 81 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کی ہے۔ پاکستان نے تیسری مرتبہ جنوبی افریقا میں ون ڈے سیریز جیتی ہے۔ پاکستان اکیسویں صدی میں جنوبی افریقہ میں 3 مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے