انڈونیشیا پاکستان کا قابل بھروسہ تجارتی شراکت دار ہے، وزیر اعظم


قاہرہ(صباح نیوز)قاہرہ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انڈونیشیا پاکستان کا قابل بھروسہ تجارتی شراکت دار ہے،خوردنی تیل کی ضروریات کا زیادہ تر حصہ اسی سے درآمد کرتے ہیں

۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سربراہی اجلاس کے موقع پر انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ پی ایم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف نیپرابوو سوبیانتو کو انڈونیشیا کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔دونوں رہنماں نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جس میں دو طرفہ تعلقات بشمول سیاسی، تجارتی اور اقتصادی امور کے علاوہ کثیر الجہتی فورمز پر تعاون بھی شامل ہے۔ دونوں رہنماں نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو برقرار رکھنے کے لیے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کا قابل بھروسہ تجارتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے خاص طور پر پام آئل فراہم کرنے والے ملک کے طور پر انڈونیشیا کے کردار کو سراہا کیونکہ پاکستان خوردنی تیل کی ضروریات پورا کرنے کے لیے زیادہ تر حصہ انڈونیشیا سے درآمد کرتا ہے۔آسیان اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ روابط کے حوالیسے پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے آسیان میں سیکٹورل پارٹنر کا درجہ حاصل کرنے اور آسیان علاقائی فورم کی رکنیت کے لیے انڈونیشیا کی حمایت کو سراہا۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان انڈونیشیا کے تعاون اور حمایت سے آسیان کا مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بنے گا۔و زیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر پرابوو سوبیانتو کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی۔دونوں رہنماں نے فلسطین کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ ، غزہ میں جنگ بندی اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے ایک جامع طریقہ کار اختیار کرنے پر زور دیا۔ دونوں رہنماں نے ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام  جس کی سرحدیں 1967 سے پہلے کی طرز پرہوں اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوکے قیام کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔