وزیر اعلیٰ نے پنجاب بھر میں ایک ہفتے میں تجاوزات ختم کرنے کا ہدف دے دیا

لاہور (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں ایک ہفتے میں تجاوزات ختم کرنے کا ہدف دے دیا ہے اور ڈپٹی کمشنرز کے لئے کرپشن کے خلاف کریک ڈائون اوربہتر سسٹم ڈیزائن کرنے کا ٹارگٹ مقرر کر دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہر شہر میں سرکاری اراضی پر اربن فاریسٹ بنانے کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبہ بھر میں ”نو ٹوپلاسٹک ”مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس اپنانے کاحکم دیا۔ صوبہ بھر میں پالتوکتوںکوکالر پہنانا لازمی قراردیا گیا ،خلاف ورزی پر جرمانہ اور کارروائی کی جائے گی۔ پالتو کتوں کی ویکسینیشن اور رجسٹریشن کا نظام نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سڑکو ںپر بائیک لین مقرر کرنے،چینی ماڈل کے تحت جنگلہ اور چھوٹی دیوار سے الگ کرنے اوربائیک سوار کے لئے ہیلمٹ،بیک لائٹ او رانڈیکیٹرز وغیرہ کی پابندی ضروری بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سکولو ںکے سامنے بچوں کے لئے زبیرا کراسنگ بنانے اور سکول وین کے فنٹس سرٹیفکیٹ پر زیرو ٹالرنس کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سڑکوں پر گندا پانی کھڑا ہونے سے نمازیوں اور شہریوں کو دشواری کی شکایت پر برہمی کا اظہار کیا اور شہروں میں جگہ جگہ نظر آنے والی خیمہ بستیاں متبادل مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سنگل لائن ریڑھی بازار کی پابندی یقینی بنانے کا حکم اور ہدایت کی کہ منظور شدہ ڈیزائن او رجگہ کے علاوہ کسی مقام پر ریڑھیاں نظر نہیں آنی چاہئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے بس سٹینڈ ز کی صفائی ،پنکھے ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور بہترین نشست گاہ یقینی بنانے اورہر شہر کے بس سٹاپ اور لاری اڈوں کو ماڈل بنانے کا حکم دیا۔

اجلاس میں ہسپتالوں کے ایم ایس کی پرفارمنس کی مانیٹرنگ ڈپٹی کمشنرز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سرگودھا میں جامع صفائی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی اور صوبہ بھر میں کنٹرول ریٹ پرکھاد کی فراہمی یقینی بنانے پرانتظامیہ کو شاباش دی۔ میانوالی میں چوراہوں پر یاد گاریں ،واٹر فال ، خوبصورت ماڈل بنانے اور پارکس کی بیوٹی فکیشن پر بھی انتظامیہ کوشاباش ملی ۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہر شہر میں گورننس کی ایکسی لینس نظر آنی چاہیے۔ کسی شہر میں ٹوٹی ہوئی سڑکیں نظر نہ آئیں،پیچ ورک سے گڑھے پُر کئے جائیں۔سڑکوںپر سائن بورڈ واضح نظر آنے چاہئیں اور نئے سائن بورڈ بھی لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کو پنجاب میں کھلا پھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈی سی اپنی چھت …اپنا گھر پروگرام کے تحت بننے والے مکانوںکی مانیٹرنگ بھی کریں۔ ہرشہر میں واٹرفلٹریشن پلانٹس فنکشنل ہونے چاہئیں۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ تمام شہروں کے لئے سیوریج او رسینی ٹیشن کا جامع پلان لے کرآرہے ہیں۔ تجاوزات ختم کرنے کے بعد دوبارہ نظر آنا انتظامی ناکامی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات بیچنے او ربنانے والوںکے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ پبلک پارکس میں گھاس اگائیں مٹی نظر نہ آئے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا انتظار کئے بغیر میسر وسائل سے صفائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلیوں ،بازاروں میں سٹریٹ لائٹس کو آپریشنل ہونا چاہیے۔ اوور ہیڈ بریج کے نیچے گرین بیلٹ بنائیں، منشیات کے عادی افراد نظر نہ آئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈی ایچ کیو سرگودھا کے بارے میں عوامی شکایات پر نا پسندیدگی اظہار کیا اور فوری ازالے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ بار بار توجہ دلانے کے باوجود مسائل حل نہ ہونے او ربہتری نہ آنے پر سخت ایکشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے بیلا روس کے صدر کی آمد پر مری میں صفائی کے انتظامات کو سراہا ۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سرگودھا ڈویژن کے ”کے پی آئیز” کا جائزہ لیا گیا۔ سرگودھا ، خوشاب، بھکر او رمیانوالی کے ڈپٹی کمشنر ز نے تفصیلی بریفنگ دی ۔اجلاس میں صفائی ،ہیلتھ، ایجوکیشن، پرائس کنٹرول اورآئوٹ سورس سکولوں کی مانیٹرنگ کے پی آئیز کا جائزہ لیا گیا ۔ میرج ایکٹ کی پابندی ، تجاوزات ، صفائی، پارکس کی صورتحال ، چوراہوں او رشہروں کی بیوٹی فکیشن پر رپورٹ پیش کی گئی۔ مین ہول کے ڈھکن، آوارہ کتے، سیوریج ، ٹرانسپورٹ فٹنس سرٹیفکیٹ ، اربن فاریسٹ ڈویلپمنٹ کے پی آئی ز کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈپٹی کمشنرز کو گلی محلوں کی صفائی اور دیگر عوامی شکایات کی نشاندہی بھی کی