الخدمت کے تحت رابطتہ المدارس امتحانات سے قبل حفاظ طلبا کیلئے ٹیسٹ کا اہتمام


کراچی(صباح نیوز)الخدمت شعبہ تعلیم(مدارس)کے تحت رابطتہ المدارس کے سالانہ ا متحان سے قبل حفاظ طلبہ وطالبات کے لیے ٹیسٹ کا اہتمام کیا گیا ،جس میں کثیرتعداد میں بچوں اوربچیوں نے شرکت کی ۔ ٹیسٹ میں اساتذہ نے بچوں کا امتحان لیا ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ڈائریکٹر ایچ آرحبیب الرحمان، ڈائریکٹر مواخات پروگرام یوسف محی الدین اور ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین اور الخدمت آزاد کشمیر سے آنے والے ایک وفد نے امتحانی کا عمل معائنہ کیا۔ الخدمت کے الخدمت شعبہ تعلیم کے قائم مقام ڈائریکٹر عنایت اللہ اسماعیل اور منیجر ابو اسید نے امتحانی عمل کا جائزہ لینے کے آنیوالے ذمہ داران کو مدارمیں جاری تعلیمی وامتحانی عمل سے متعلق تفصیلات سے آکاہ کیا ۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت کراچی 1976سے بچوں اوربچیوں کو قرآن پاک کی تعلیم دینے کے لیے سرگرم عمل ہے اوراب تک لاکھو ں بچے الخدمت کے مدارس سے قرآن پاک کی تعلیم حاصل کرچکے ہیں جبکہ ہزاروں طلبہ طالبات قرآن پاک کو حفظ کرکے اس کی تعلیمات کو اپنے سینوں میں اتارچکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آج کے ٹیسٹ کے عمل میں شریک بچے اوران شااللہ ایک ماہ کی تیاری کے بعد جب سالانہ امتحانات میں شریک ہوں توہمیں امیدہے کہ وہ رابطتہ المدارس کے امتحانی عمل شریک بہترین طلباکااعزازحاصل کریں گے۔