اسلام آباد(صباح نیوز) پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اورجے کے ایل ایف کے چیرمین یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیرکی ثقافت کو مسخ کرنے کی کوششوں پرسخت تشویش کا اظہار کیاہے۔ مشعال ملک نے انٹرنیشنل ریجنل سٹڈیز اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے منفرد ثقافتی ورثے پر حملے کو بھارت کی ثقافتی یلغار کا حصہ اورکشمیری عوام پر بھارتی جاری ظلم و تشدد کاتسلسل قراردیا۔
انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے اقدامات کا نوٹس لے جو مقبوضہ علاقے میں ہندو ثقافت کومسلط کرناچاہتی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کشمیری فن و ادب اور موسیقی پر عائد پابندیوں کاحوالہ دیا۔
مشعال ملک نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی کی پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے عزم ظاہر کیاکہ مودی حکومت کشمیریوں کی منفرد شناخت کو مٹانے کی اپنی کوششوں میںہرگز کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے پاکستان کے بھرپور ثقافتی تنوع کی تعریف کی ۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے بھرپور ثقافتی ورثے کو ثقافت اورشناخت کے تحفظ اور جبر کے خلاف مزاحمت کا ایک طاقتور ذریعہ قراردیا۔