کراچی (صباح نیوز)چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی محمد شیخ کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادم شیخ کی جانب سے صوبائی وزیر سعید غنی اور دیگر کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کرنے کے معاملہ پر اعلیٰ سطح کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کے حوالہ سے دائر درخواست مسترد کردی۔
حلیم عادل شیخ نے اعلیٰ سطح کی جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لئے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں وفاق، صوبائی حکومت اوردیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
دوران سماعت حلیم عادل شیخ کے وکیل کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اوردیگر کو منشیات فروشی کے خلاف خطوط لکھے گئے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے، وزارت داخلہ اوردیگر کو بھی خطوط لکھے گئے لیکن منشیات کی روک تھام کے حوالے سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے موجودہ وزیر اوران کے بھائی منشیات فروشوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد حلیم عادل شیخ کی درخواست ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے مستردکردی جبکہ حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کریں گے۔