چیف جسٹس پاکستان کا دور دراز اضلاع کے دوروں کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)انصاف کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے چیف جسٹس یحیی خان آفریدی نے دور دراز اضلاع کے دوروں کا فیصلہ کیا ہے۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ضلعی عدلیہ کو بہتر بنانے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے چیف جسٹس نے ذاتی دوروں کا فیصلہ کیا، چیف جسٹس پاکستان موقع پر پہنچ کر مسائل کا تدارک کریں گے۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان نے پیر کوگوادر کا دورہ کیا، اس دوران تربت، پنجگور اور چاغی سمیت دیگر اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز نے چیف جسٹس سے ملاقات کی۔اس ملاقات میں چیف جسٹس پاکستان نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی،

چیف جسٹس یحیی آفریدی نے عدالتی افسران کے وقار کو مقدم رکھنے کا عزم کیا۔چیف جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ پورے ملک کی عدلیہ کا وقار مجروح نہیں ہونے دیں گے، دور دراز علاقوں کی عدلیہ خصوصی توجہ کی متقاضی ہے۔چیف جسٹس نے متعلقہ ہائیکورٹس کو دور دراز ضلعی عدلیہ پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت بھی کی، اور دور درازعلاقوں میں کام کرنے والے عدالتی افسران کی خدمات کو سراہا۔۔