سیدوشریف(صباح نیوز) جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ شمالی کے زیر اہتمام سیدو شریف سوات میں سابق سینئر صوبائی وزیر اور جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی کے امیر عنایت اللہ خان کے زیر صدارت گرینڈ امن جرگہ منعقد ہوا۔ جس میں قومی و قبائیلی مشران، تمام سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں، وکلا اور تاجر برادری، ٹرانسپورٹرز کی قیادت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نے شرکت کی۔
جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، قومی وطن پارٹی، جمعیت علما اسلام، جمعیت علما اسلام پاکستان، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، قومی ورکرز پارٹی، پختونخواہ نیشنل عوامی پارٹی، سوات قومی جرگہ، بونیر قومی جرگہ، دیر قومی جرگہ، باجوڑ قومی جرگہ و امن کمیٹی، ملاکنڈ قومی جرگہ، تحریک تحفظ حقوق چترال اور دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین نے گرینڈ امن جرگہ کے انعقاد کو سراہا اور ملاکنڈ ڈویژن میں عموما اور باجوڑ میں خصوصا، امن و امان کی بد ترین صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے تمام مقررین نے ریاست اور ریاستی اداروں کو ملاکنڈ ڈویژن اور خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بد امنی اور ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ دار ٹہرایا اور شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔ صدارتی خطبہ میں امیر جماعت اسلامی شمالی جناب عنایت اللہ خان نے حکومت اور ریاستی اداروں کو شدید تنقید کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں مزید خود ساختہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ قابل برداشت نہیں ہے۔ اگر حکومت امن و امان کے قیام اور ٹارگٹ کلنگ کو روکنے میں ناکام رہی تو اس جرگے کے وساطت سے پر امن مزاحمتی تحریک کا اغاز کرینگے۔ جس میں امن ملین مارچ، موٹرویز اور تمام بڑے شاہراہات کو بند کرنا اور اسلام آباد مارچ شامل ہونگے۔
عنایت اللہ خان نے مزید واضح کیا کہ دہشت گردی کے اس جنگ میں ہزاروں لوگوں کی اموات،گھروں سے بے دخلی ، کروڑوں روپے کے نقصانات اور اربوں روپے کے انفراسٹرکچر کا ریکارڈ مرتب کرینگے اور حکومت سے مطالبہ کرے گے کہ وہ ان تمام نقصانات کا مالی ازالہ کریں۔ پختونوں کے خون کا مزید سودا ڈالروں کو عوض قابل قبول نہیں۔
انہوں نے جرگہ کے مشترکہ اعلامیہ سے اتفاق کیا اور ائندہ لائحہ ہ عمل طے کرنے کیلئے کمیٹی بنائی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندگان سے روڈ میپ کیلئے راہنمائی لی جائیگی۔ جرگہ سے سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی صاحب زادہ طارق اللہ،صاحب زادہ ہارون الرشید، واجد علی خان،حسین شاہ یوسفزئی،مولانا گل نصیب خان سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے سرکردہ عمائدین نے خطاب کیا۔