صدر مملکت سے آرمی چیف کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران قومی سلامتی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدارتی سیکریٹریٹ کے پریس ونگ کی جاری تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے صدر مملکت عارف علوی کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ تیاری، دہشت گرد عناصر کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی۔اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج  ملک سے عسکریت پسند اور شرپسند عناصر کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

آرمی چیف سے گفتگو کے دوران صدر مملکت نے بلوچستان، خیبر پختونخوا کے نو ضم شدہ اضلاع میں آپریشنز میں جان کا نذرانہ پیش کرنے وا لے سیکورٹی فورسز کو خراج عقیدت پیش کیا ،انہوں نے کہاکہ قوم کو اپنی مسلح افواج کی قربانیوں پر فخر ہے جنھوں نے ہمیشہ  تمام مشکلات کے باوجود ملکی سرحدوں کا دفاع کیا۔