انتشار اور خلفشار کی سیاست کے متحمل نہیں ہوسکتے،عبد العلیم خان


سلام آباد (صباح نیوز)صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ انتشار اور خلفشار کی سیاست کے متحمل نہیں ہوسکتے،یہ ملک دشمنی ہے، آئی پی پی ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی تھی اور کھڑی رہے گی۔صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیرعبدالعلیم خان سے پارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے ملاقاتیں کیں، ملکی سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عبدالعلیم خان سے ملاقات کرنے والوں میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات صمصام علی بخاری اور پنجاب کے پارٹی صدر رانا نذیر احمد خان شامل تھے۔ عبدالعلیم خان نے پارٹی رہنمائوں کو پنجاب کے تمام اضلاع میں تنظیمی امور جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی بھرپور حصہ لے گی۔عبدالعلیم خان نے انتشار اور خلفشار کی سیاست کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ہمیشہ ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور رہے گی۔عبدالعلیم خان  نے کہا کہ  ترقی، خوشحالی اور ملکی استحکام پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ معاشی طور پر مضبوط پاکستان ہی عزت و وقار کے ساتھ آگے بڑھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتشار اور خلفشار کی سیاست کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ یہ حب الوطنی نہیں ملک دشمنی ہے۔ ہماری جماعت ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی تھی اور کھڑی رہے گی۔عبدالعلیم خان نے صمصام علی بخاری کو مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ پارٹی موقف اجاگر کرنے پر بھرپور توجہ دیں۔رہنمائوں نے پارٹی صدر عبدالعلیم خان سے اظہار تشکر کیا اورنئی ہدایات کی روشنی میں بھرپور کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔