اسلام آباد(صباح نیوز)خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لئے آج (جمعہ کو)ہونے والے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اجلاس سے قبل اپنی طرف سے 8نام جمع کروادیئے۔
پشاور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لئے تجویز کئے گئے ناموں میں ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمانخیل، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا سید کوثر علی شاہ، انعام یوسفزئی ایڈووکیٹ،عالم خان ادیزئی ایڈووکیٹ، سید سکندر شاہ ایڈووکیٹ ، محمد مبشر نوید ایڈووکیٹ ،غلام محمد سپل اور عبدالراؤف آفریدی ایڈووکیٹ کے نام شامل ہیں۔
ججز تعیناتی کے لئے ناموں کی فہرست صو بائی وزیر قانون آفتاب عالم خان آفریدی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں جمع کروائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فریقین کی جانب سے پیش گئے ناموں کے حوالہ سے تمام معلومات جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے ارکان کوفراہم نہ کئے جانے کے باعث خیبرپختونخواحکومت کے نمائندوں کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لئے بلایا گیا اجلاس مئوخر کرنے کی استدعا کی جائے گی۔جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کااجلاس چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں منعقد ہوگا ۔