نوجوان مایوس نہ ہوں ، نوجوان طلبہ و طالبات ہی ملک وقوم کا سرمایہ ہیں، تنہا نہیں چھوڑیں گے ،منعم ظفر خان

کراچی (صباح نیوز) نوجوان مایوس نہ ہوں ، نوجوان طلبہ و طالبات ہی ملک وقوم کا سرمایہ و مستقبل ہیں۔ہم نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔الخدمت فائونڈیشن پاکستان اور جماعت اسلامی نے کراچی کے نوجوانوں کو پڑھانے کا بیڑا اٹھا یا ہے۔ شہر میں 5ہفتوں میں مفت آئی ٹی کورسز کے 8بڑے ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ منعقد کیے جاچکے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے الخدمت فائونڈیشن کے تحت ضلع ملیر کے ہزاروں طلبہ و طالبات کو ویب ڈویلپمنٹ، ویب ڈیزائننگ، ایمزون سمیت آئی ٹی کے مختلف کورسز مفت کروانے  کے لیے عقب فاسٹ یونیورسٹی مین نیشنل ہائی وے پر”بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ4.0” کے ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ اب تک سوالاکھ طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن کروالی ہے ۔شہر میں قائم 55سے زائد سینٹرز میں 28آئی ٹی کورسز کروائے جارہے ہیں۔ 50ہزار سے زائد نوجوان آئی ٹی کورسز مکمل کرنے کے بعد اپنا روزگار خود کمارہے ہیں۔ banoqabil.jobکے نام سے پورٹل بھی بنادیا گیا ہے ،جہاں سے طلبہ کے لیے روزگار کا بھی انتظام کیا جائے گا۔منعم ظفر خان نے کہا کہ پاکستان بے شمار وسائل سے مالا مال ہے اور ہم ایک بار پھر پاکستان کو قائد اعظم کے وژن کے مطابق چلائیں گے۔منعم ظفر خان کے خطاب سے قبل اسٹیج پر موجود ذمہ داران اورٹیسٹ میں شریک ہزاروں طلبہ وطالبات نے کھڑے ہر کو قومی ترانہ پڑھا ۔تقریب سے امیرجماعت اسلامی ضلع ملیر مفخر علی ، سابق امیر ضلع محمد اسلام ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی ، جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق اورسکریٹری ضلع کامران نوازودیگر بھی موجود تھے۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے تیار نہیں۔ وطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے لیے ظلم کے نظام کو ختم کرنا ہوگا۔آج طلبہ و طالبات عہد کریں کہ ہم تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں گے اور دین پر فخر کریں گے۔ہم آئی ٹی کی مہارت کو مثبت طریقے سے استعمال کر کے ملک کو ترقی دیں گے۔

طلبہ و طالبات محنت کریں، علم حاصل کرنے کی جدوجہد کریں، قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پیغام کو لے کر آگے بڑھیں۔مفخر علی نے کہاکہ دنیا میں اس وقت ایسی قومیں بظاہر طاقتور نظر آتی ہیں جنہوں نے ٹیکنالوجی اور اسلحے کے ذریعے سے اپنا تسلط قائم کیا ہے۔نوجوانوں کی مایوسی کی وجہ حکمرانوں کی نااہلی ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو تعلیم سے دور کردیا ہے اور انہیں مایوس کردیا ہے ۔فخر علی نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن نے مایوس نوجوانوں کو امید دلائی اور کراچی میں ایک بہت بڑا آئی ٹی پروجیکٹ بنوقابل کے نام سے شروع کیا ہے ۔ضلع ملیر میں ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔آج ضلع ملیر کے نوجوان طلبہ و طالبات کے چہروں میں خوشی نظر آرہی ہے۔

ضلع ملیر کے عوام اور نوجوان الخدمت و جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کرانے کا بیڑا اٹھا یا ہے۔ محمد اسلام نے کہاکہ ضلع ملیر کراچی کے مضافاتی علاقہ ہے اورجو بدرجہ اولیٰ محرومیوں کا شکار ہے،یہاں کے لوگ بے بسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ ملیر میں ایسے لوگ قابض ہیں جنہیں یہاں کے عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ الخدمت و جماعت اسلامی نے ملیر کے نوجوان طلبہ و طالبات کے لیے فری آئی ٹی کورسز کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔بنوقابل ایک پروگرام نہیں بلکہ پوری تحریک کی طرح آگے بڑھ رہا ہے اور اب کراچی سے پورے پاکستان میں پھیل چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام پیسے دے کر بھی ملازمتیں حاصل نہیں کرپاتے ، اگر ملازمت مل بھی جائے تو انہیں تنخواہیں نہیں ملتی ۔

بنوقابل ایسا پروگرام ہے جس سے طلبہ وطالبات کورسز کرنے کے بعد اپنی مددآپ کے تحت روزگار کماسکیں گے ۔شاہ لطیف ٹاؤن ملیرعقب فاسٹ یونیورسٹی مین نیشنل ہائی وے پر منعقدہ ٹیسٹ میں شریک طلبہ طالبات کے لیے ہزاروں کرسیوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ ہزاروں طلبہ و طالبات سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا۔کامیاب طلبہ و طالبات کو ویپ ڈیویلپنگ، ویب ڈیزائننگ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمزون سمیت مختلف آئی ٹی کے کورسز مفت کرائے جائیں گے۔ قائدین کے خطاب کے لیے ایک بڑا اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر ایک بہت بڑا بل بورڈ لگا ہوا تھا جس پر تحریر تھا کہ”اب وقت ہے آگے بڑھنے کا” اسٹیج کے دائیں اور بائیں جانب ایس ایم ڈی لگائی گئیں تھیں جس پر بنوقابل پروجیکٹ کے بارے میں بتایاجارہا تھا۔