منعم ظفرکی ڈمپرحادثے میں جاں بحق پروفیسر طارق صلاح الدین واہلیہ کی نمازجنازہ میں شرکت

کراچی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے امیر ضلع گلبرک وسطی کامران سراج اورٹاؤن چیئرمین ضلع گلبرگ نصرت اللہ کے ہمراہ گزشتہ روزسپرہائی وے جمالی پل کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے المناک موت کا شکار ہونے والے عبد اللہ کالج کے پروفیسر طارق صلاح الدین اور ان کی اہلیہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اہل خانہ سے تعزیت کیا ۔

منعم ظفر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس افسوسناک واقعے اور اموا ت کی پر زور مذمت اور پروفیسر طارق صلاح الدین اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر اہلخانہ و لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں حکومت و متعلقہ ادارے ٹینکر و ڈمپر سے شہریوں کی جان کا تحفظ یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ شہر میں اس وقت ڈمپر اور ٹینکر سے اموات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 6500سے زائد شہری ایسے ہیں جو ٹینکر اور ڈمپر کی ٹکر سے زخمی ہوچکے ہیں جوحکومت و قانون نافذ کرنے والوں کے لیے سوالیہ نشان ہے۔

سندھ حکومت نے شہر کو ٹینکر و ڈمپر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑدیا ہے ۔اتنی بڑی تعداد میں اس طرح کے واقعات کا ہونا انتہائی افسوسناک و تشویش ناک ہے۔شہری ایک جانب ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر سفر کرنے مجبور ہیں جب کہ دوسری جانب شہریوں کی جان تک محفوظ نہیں ہے ۔ہونا تو یہ چاہیے کہ ہیوی ٹریفک کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے مقررہ اوقات کے مطابق شہر میں داخل ہوں اور اپنی مقرر کردہ لائن میں چلیں ۔