عافیہ کی رہائی کیلئے وفد کا دورہ امریکہ کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے، عمران شفیق

اسلام آباد(صباح نیوز) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے پاکستانی وفد کا دورہ   امریکہ ویزا کے اجراء کے مسائل کے باعث کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی آئینی درخواست 3139/2015 کی سماعت کے بعدان کے وکیل عمران شفیق نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب پتہ چلا ہے کہ وفد کو نئی کیٹیگری کا ویزہ لینے کی ضرورت ہے جس کا حصول مقررہ وقت میں انتہائی مشکل نظر آرہا ہے۔

وکیل نے کہا کہ وزارت خارجہ کے افسران ویزا کے مسائل اور متعلقہ معاملات کے بارے میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا نہیں کر رہے ہیں۔عمران شفیق نے کہا کہ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل سنگل بنچ نے آئینی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کیا کہ بیوروکریسی کی رکاوٹیں بار بار تاخیر کا باعث بن رہی ہیں۔ تاہم آج کی کاروائی کا مثبت نتیجہ یہ نکلا کہ حکومت نے عدالت کو بتایا کہ وہ وفد کے دورہ امریکہ کے اخراجات برداشت کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تقریباً چار دن باقی رہ گئے ہیں اور ویزا کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے بیوروکریسی کی جانب سے کوششوں کو دوگنا کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری صورت میں اب تک کی گئی ساری محنت ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔مقدمہ کی آئندہ سماعت 13 دسمبر کو ہوگی۔ واضح رہے کہ وفد کے ارکان نے جمعہ کے روز پاسپورٹ امریکی قونصلیٹ میںجمع کرادیئے  ہیں۔