بین المذاہب بین الاقوامی سمینار 4 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوگا

اسلام آباد(صباح نیوز) انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس) نے 4 جامعات اور اداروں کے اشتراک سے 4  دسمبر کو اسلام آباد میںبین المذاہب  بین الاقوامی سمینار  کا اہتمام کیا ہے ۔اس موقع پر سات بڑے مذاہب کے علما  ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہوں گے ۔ امن، ہم آہنگی اور انصاف کو فروغ دینے میں مذاہب کا کردار کے موضوع پر ایک سیمینار ہوگا۔

الاقوامی سمینار کے لیے آئی پی ایس کے دوسرے شراکت  داروں میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ایم ٹی)، لاہور، گفٹ یونیورسٹی، گوجرانوالہ، اسلامک فانڈیشن یو کے، اور دی مارک فیلڈ انسٹی ٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن  یو کے شامل ہیں  یہ تقریب سات بڑے مذاہب یعنی اسلام، ہندو ازم، عیسائیت، بدھ مت، سکھ ازم، یہودیت اور بہائیت کی نمائندگی کرنے والے ممتاز مقامی اور بین الاقوامی مقررین کو اکٹھا کرے گی، جن میں علما، مذہبی رہنما، پالیسی ساز اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

 یہ سیمینار ایک ایسے وقت میں منعقد کیا جا رہا ہے جب عالمی منظرنامہ، جس میں طرز زندگی، سوچنے کے طریقوں اور فیصلہ سازی کے معیارات میں تیز رفتار تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے مذاہب پر شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں ۔ صنعتی دور کے آغاز سے لے کر اب پانچویں صنعتی انقلاب کی طرف قدم بڑھاتے ہوئے، مذہب کی اہمیت جدیدیت، بعد از جدیدیت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے غلبے کی وجہ سے دھندلا گئی ہے۔

اس ماحول میں مذہب کو اکثر غیر ضروری یا تقسیم کرنے والا عنصر سمجھا جاتا ہے۔ تاہم، جہاں سماجی ترقی پیش رفت کا عندیہ دیتی ہے، وہ انصاف، امن اور ہم آہنگی کے ساتھ انسانیت کے لیے جدوجہد کی ضرورت کو بھی بڑھا دیتی ہے۔ نسلی، لسانی اور قومی تفریق پر مبنی بڑھتے ہوئے تصادم، اور وسائل کے لیے شدت اختیار کرتی ہوئی لڑائیوں نے سماجی تانے بانے کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ یہ چیلنجز اس بات کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں کہ  ایک متحد کرنے والی قوت کے طور پر مذہب کی اہمیت کو تسلیم کیا جائے اور اسکی طاقت میں اضافہ کیا جائے۔

اس سیمینار کا مقصد موجودہ بیانیوں کا مقابلہ کرنا ہے اور تمام اہم مذاہب میں موجود ہمدردی، انصاف، اتحاد اور امن کے مشترکہ اصولوں کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گا جہاں تعلیمی ماہرین، مذہبی رہنما اور پالیسی ساز اس بات پر غور کریں گے کہ یہ اقدار، جو باہمی سمجھ بوجھ اور احترام کے ذریعے عمل میں لائی جاتی ہیں، کس طرح نسل، رنگ، ذات اور قومیت کے اختلافات سے آگے بڑھ کر ایک مربوط عالمی معاشرہ تشکیل دے سکتی ہیں۔ سیمینار میں ممتاز بین الاقوامی اور مقامی مقررین کی ایک متنوع لائن اپ پیش کی جائے گی، جن میں ماہرین تعلیم، محققین، اور مذہبی رہنما شامل ہیں۔ کلیدی تقاریر، پینل ڈسکشنز اور انٹرایکٹو سیشنز کے ذریعے،

یہ پروگرام امن، انصاف اور ہم آہنگی پر مذاہب کی مشترکہ اخلاقی تعلیمات، باہمی احترام اور مفاہمت کو فروغ دینے میں بین المذاہب مکالمے کا کردار، اور عالمی سطح پر بہترین طرز عمل جیسے اہم موضوعات پر توجہ مرکوز کرے گا۔  نیز اس میں عالمی مثالوں کے ذریعے ایسے بہترین طریقوں کا تبادلہ  بھی کیا جائے گا جو سماجی ہم آہنگی میں معاونت فراہم کرتے ہیں،  جبکہ جدید چیلنجز جیسے سماجی تقسیمات، انتہا پسندی اور ناانصافی کا سامنا کرنے کے لیے حکمت عملی بھی زیر بحث آئے گی۔

 سیمینار کا مقصد مذہبی کمیونٹیز اور پالیسی سازوں کو مقامی، قومی اور بین الاقوامی سیاق و سباق میں مکالمے، افہام و تفہیم اور امن کی تعمیر کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کے لیے قابل عمل بصیرت اور سفارشات پیش کرنا ہے۔ ۔ یہ تقریب عالمی بیانیے کو دوبارہ تشکیل دینے کی کوشش بھی کرے گی تاکہ انسانیت کو درپیش سنگین چیلنجز سے نمٹنے میں مذہب کے تعمیری کردار کو واضح کیا جا سکے۔