مری (صباح نیوز )قائد مسلم لیگ (ن)اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے بیلا روس کے صدر سے مری میں ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار، وزیراعلی پنجاب مریم نواز بھی موجود تھی، بیلاروس کے صدر نے نواز شریف سے مکالمے میں ماضی کی خوش گوار یادوں پر تبادلہ خیال کیا، سابق وزیراعظم کے اہل خانہ بھی ظہرانے میں شریک ہوئے۔بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے نوازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں مئی 2015 میں چھانگلہ گلی مری آیا تھا، آپ بھی اگست 2015 میں بیلا روس تشریف لائے تھے، آپ سے ذاتی تعلق ہے، ناقابل فراموش خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ سے ہمیشہ بھائیوں والا احترام ملا، آپ سے ملاقات کی بے حد خوشی ہے، وزیراعظم شہباز شریف بڑے جذبے، رفتار سے پاکستان کی ترقی کے لیے کام کررہے ہیں۔
صدر مسلم لیگ (ن)نوازشریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں تجارت،سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے، ایسے منصوبوں پر کام ہوسکتا ہے جس سے دونوں ممالک،عوام کو فائدہ مل سکتا ہے۔ظہرانے کے موقع پر قائدین نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، صدربیلا روس نے زراعت،زرعی مشینری، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی حکومت، پنجاب حکومت دونوں کیساتھ تعاون میں اضافہ چاہتے ہیں۔نواز شریف نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ بیلا روس کے صدر کو الوداع کیا۔واضح رہے کہ صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے تین روزہ سرکاری دورے میں پاکستان اور بیلا روس کے درمیان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، آڈیٹر جنرل آفس اور بیلا روس کی اسٹیٹ کنٹرول کمیٹی کے درمیان تعاون، منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی فنانسنگ سمیت دیگر جرائم کو روکنے اور پاکستان نیشنل ایگریڈیشن قونصل اور بیلاروس کے ایگریڈیشن سینٹر کے درمیان یاداشتوں کا تبادلہ کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان معاہدہ، ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی تعاون کے سمجھوتوں کا تبادلہ بھی کیا گیا تھا۔