ظالم ہار جائیں گے اور فلسطین کا مقدمہ کامیاب ہو گا، رجب طیب ایردوان


 انقرہ(صباح نیوز) ترکیہ کے صدر  رجب طیب ایردوان نے کہا کہ فلسطینی عوام اس مشکل دور کے بعد سکون، امن اور آرام حاصل کریں گے، ظالم ہار جائیں گے اور فلسطین کا مقدمہ کامیاب ہو گا۔صدر ایردوان نے کابینہ اجلاس کے بعد اپنے بیان میں  مزید کہا کہ اتحادی اقوام کی سلامتی کونسل سے لے کر بین الاقوامی میڈیا اداروں تک، ہر جگہ  ہم نے دوغلا پن دیکھا جو ہماری اور سب کی امیدوں کو توڑ رہا ہے۔تاہم، ان تمام منفی حالات کے باوجود وہ ڈرے بغیر صیہونی لابی کے دبا کے آگے سر نہیں جھکاتے، بلکہ فلسطینی عوام اور غزہ کے لوگوں کی مکمل حمایت کرتے رہے ہیں۔

ایردوان نے کہا کہ انشا اللہ فلسطینی عوام بھی اس مشکل دور کے بعد سکون، امن اور آرام حاصل کریں گے ظالم ہار جائیں گے اور فلسطین کا مقدمہ کامیاب ہو گا۔انہوں نے زور دیا کہ نسل کشی کے مجرم ان معصوم لوگوں کے خون کا حساب ضرور دیں گے، اور کہا کہ بین الاقوامی  عدالت  انصاف کا اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گلنٹ کے خلاف گرفتاری کا احکام نامہ جاری کرنا ایک بہت ہی دلیرانہ قدم ہے۔ نیتن یاہو اور اس کے  قاتل  گروہ کے لیے گھیرا تنگ ہوتا جا رہا ہے۔