اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کیا ہے ۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے بنوں میں کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کوہلاک اور 2 کو زخمی کرنے پرسکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 3 دہشتگردوں کو ہلاک اور 2 کو زخمی کر کے گرفتار کیا گیا۔انسانیت کے ان دشمنوں کے مذموم عزائم کو اس طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے متحرک ہے۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔