اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بعض لوگ نہیں چاہتے کہ ان کے بانی چیئرمین رہا ہوں، حکومت کا پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں نہ ہی مذاکرات چل رہے،بشریٰ بی بی نے ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے انتہائی گھٹیا اور غلیظ حرکت کی،قمرجاوید باجوہ کو ذاتی طور پر خوداس الزام کی تردید کرنی چاہیے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بشری بی بی کا ایک بیان آیا ،ہمارے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی،مذہبی اور معاشی تعلقات ہیں، ہمارے 28 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں کام کرتے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو سیاست کی نذرکیا جارہا ہے، تعلقات خراب کرنے کی نہایت گھٹیا اور غلیظ قسم کی کوشش کی گئی ۔خواجہ آصف نے کہا کہ ان کی سیاست کی کشتی ڈوب رہی ہے اس لیے یہ بیان دیا گیا، لیڈر شپ کے لیے بھابھی اور نندوں کے درمیان بھی کشمکش چل رہی ہے، اب اپنے آپ کو قائد کہنے میں ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے، لوگوں کو طعنہ دیتے ہیں کہ موروثی سیاست کی جاتی ہے، یہاں صرف موروثی سیاست کی جارہی ہے بلکہ وارثوں میں لڑائی ہورہی ہے، تین خواتین ایک طرف ،ایک خاتون دوسری جانب ہے، یہ سیاست کی انتہا ہے، ایک قبضہ گروپ لاہور دوسرا پاکپتن کا ہے،
کیا آپ لوگوں کی جیبوں میں ہی ہاتھ ڈال سکتے ہیں؟ یہ کام تو جیب کتروں کا ہے اس سے بہتر ہے کہ ڈی چوک میں کپڑا بچھا کر پیسے اکٹھے کرنا شروع کردیں،بھٹو اور شریف خاندان کو سیاسی وراثت کا طعنہ دینے والوں کے ہاں نہ صرف موروثی سیاست ہو رہی ہے بلکہ ورثا میں لڑائی بھی ہو رہی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے مذہبی دیوالیہ پن کا بھی مظاہرہ کیا گیا، یہ لوگ خود کومذہب کا ٹھیکیدار سمجھتے ہیں، بشریٰ بی بی اپنے آپ کو شریعت کہہ رہی ہیں، اللہ کی ذات کے علاوہ کسی ہستی کو سجدہ کرنے کی اجازت نہیں، بشریٰ بی بی نے مذہب کی بھی توہین کی ہے۔انہوں نے کہا کہ قمر جاوید باجوہ کو ذاتی طور پر خوداس الزام کی تردید کرنی چاہیے ۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب سے گھڑی لے کر انہوں نے کاروبار کیا، امین گنڈاپور نے کہا میرے لیڈر نے بھی تحفہ لیا تو کیا گناہ ہے؟ علی امین گنڈا پور سے زیادہ کوئی نہیں جانتا، موصوفہ کی آڈیوبھی موجود ہے، یہ لوگوں کو جھاڑ رہی ہیں اور نوکریوں سے نکالنے کی دھمکی دے رہی ہیں، مذہب اوردین کے اوپر اپنا جعلی دعویٰ کیا جارہا ہے، اپنے بچے ان کے صیہونیوں کے پاس پل رہے ہیں۔ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو جیل سے نکلتے ہی علی امین گنڈاپور کے پاس بھیجوایا، 75سالہ تاریخ میں سیاست میں بڑی بڑی پستی دیکھی ہے، لیکن سیاست میں ایسی پستی کبھی نہیں آئی تھی، بشریٰ بی بی کی جانب سے سیاسی وراثت لانچ کی گئی ۔
خواجہ آصف نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن کی داستانیں بزدار اور فرح گوگی سے شروع ہوئیں، اب سیاست پر قبضہ جمانے کیلئے فرنٹ رنر کام ہورہا ہے، بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کا بھی اس چیز سے متعلق بیان آیا، خیبرپختونخوا میں کل بھی خونریزی ہوئی اور پرسوں بھی، وزیراعلیٰ کے پی ہر دوسرے تیسرے دن وفاق پر حملہ آورہوتے ہیں، حملہ آور تو ان کو دہشتگردی پر ہونا چاہیے ۔پہلے انہیں امریکہ کی غلامی نامنظور تھی آج انہیں امریکا کی غلامی منظور ہے، اب یہ سعودی عرب کی غلامی نا منظور کا نعرہ لگائیں گے ان میں سے بہت سارے لوگوں کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی سوٹ نہیں کرتی ۔انہوںنے کہا کہ حکومت کا پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں نا ہی مذاکرات نہیں چل رہے