سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو ایک بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بندوق یا تشدد سے آج تک کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا ہے۔ میر واعظ عمر فاروق نے سرینگرمیں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تنازعہ کشمیر کو سیاسی حل کی طرف لے جایا جائے ، ہم غیر یقینی صورتحالی سے نکلنا چاہتے ہیں لہذا مسئلے کے حل کیلئے ایک بامعنی بات چیت کو آگے بڑھانا لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں نئی حکومت بنی ہے جسکی بنیادی ذمہ داری لوگوں کے روز مرہ کے مسائل حل کرنا ہے، جہاں تک مسئلہ کشمیر کا تعلق ہے اس کے لئے بھارت کو اپنی سوچ بدلنا ہو گی۔عمر فاروق نے کہا ہم کشت و خون نہیں چاہتے ہیں۔میر واعظ نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ پاکستان کی قیادت بھی گفت و شنید سے ہی معاملات کا حل چاہتی ہے۔