اسلام آباد(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے اسلام آباد سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج جب دنیا بھر میں جارحیت کا نشانہ بننے والے معصوم بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ،بچوں کے حقوق کا عالمی دن مظلوم کشمیری بچوں کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا کیونکہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں در ج تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بڑی تعداد میں کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی و ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق اور بچوں کے تحفظ کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ آگے آئیں اور کشمیری بچوں کو بھارتی تشدد سے بچائیں۔ بھارتی فوجی نہ صرف معصوم بچوں کو گرفتار کرتے ہیں بلکہ انہیں جنگی ہتھیار کے طورپر بھی استعمال کرتے ہیں۔ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
بھارتی فوجیوں نے گزشتہ تین دہائیوں میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں متعدد بچوں کے والدین کو جعلی مقابلوں اور جیلوں میں بے دردی سے شہید کیا ہے۔ کشمیری بچوں پر تشدد، ظلم اور بربریت بھارتی حکومت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے جسے بھارتی فورسز کے اہلکار انجام دے رہے ہیں۔ آج تک ہزاروں بچوں کو یتیم،سینکڑوں بچوں کو پیلٹ لگا کر زندگی بھر کیلئے معذور اور نابینا بنا دیا اور ہزاروں بچوں کے والدین کو اٹھا کر غائب کرکے انہیں بے سہارا بنادیا۔