نیویارک(صباح نیوز)امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے گریٹر نیویارک چیمبر آف کامرس کے صدر اور سی ای او مارک جافی سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور نیویارک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے نیویارک میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کے ساتھ چیمبر کے جاری تعاون کو سراہا اور گذشتہ ماہ کراچی میں منعقد ہونے والی پاکستان کی حالیہ 5ویں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور لیدر نمائش 2024 میں تعاون اور دلچسپی پر مارک جافی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپریل2025 میں لاہور میں ہونے والے چوتھے انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر شو میں بھی چیمبر کو شرکت کی دعوت دی۔ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے میں پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اہم کردار کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے پاکستان کے سرمایہ کاری کے نظام، اسٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے مراعات کو خاص طور پر اجاگر کیا ۔ اس حوالے سے انہوں نے خاص طور پر نیویارک کے کاروباری اداروں کے لیے جو جنوبی اور وسطی ایشیا میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے کے خواہاں ہیں کے لیے موجود مواقع اور فوائد پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کا جی ایس پی پلس معاہدہ اور چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ ( ایف ٹی اے ) سرمایہ کاروں کے لیے اضافی فوائد فراہم کرتا ہے۔مارک جافی نے پاکستان کے ٹیکسٹائل، لیدر، سرجیکل اور آئی ٹی کے شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے نیویارک اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے چیمبر کی کوششوں کا خاکہ پیش کیا اور چیمبر کے وسیع نیٹ ورک تک پاکستان میں موجود مواقع کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے اپنے عزم کا یقین دلایا۔دونوں اطراف نے ملاقات کا اختتام چیمبر اور قونصلیٹ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ کیا جس کا مقصد نیویارک اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔