عمران خان اور ان کے حواریوں نے ہر قدم ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے اٹھایا، ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کیے،عطااللہ تارڑ


لاہور(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑایڈووکیٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنمائوں کو 9 مئی کے حملوں میں ملوث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملوث رہنمائوں کے ناقابل تردید شواہد اور ویڈیوز موجود ہیں لہذا ان مقدمات کا جلد فیصلہ کیا جائے۔

عطااللہ تارڑ نے لاہور میں سانحہ 9 مئی اور سی سی ٹی وی شواہد سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے حملوں کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، تحریک انتشار کے لوگ اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی رٹ لگاتے رہے کہ ہمارے لوگ نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کیے، تحریک انتشار کے سرکردہ رہنما 9 مئی کے حملوں میں ملوث تھے اور پی ٹی آئی عہدیداروں کو 9 مئی کے لیے ہدایات دی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے کئی دکانیں اور سٹور بھی لوٹ لئے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے حساس تنصیبات پر حملے کیے، شہدا کی یادگاریں مسمار کیں، 9 مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماں کی ویڈیوز موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ، راولپنڈی، پشاور کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز سے صاف ظاہر ہے کہ 9 مئی کے سانحے میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث تھے۔انہوں نے کہا کہ انتشار اور فساد پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، لوٹ مار کرنا، چوری چکاری کرنا پی ٹی آئی کا منشور ہے، سی سی ٹی وی فوٹیجز میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو توڑ پھوڑ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ چیخ چیخ کر کہہ رہے تھے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور شواہد سامنے لائو، تمام شواہد آپ کے سامنے ہیں، کیا بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے حواری قوم سے معافی مانگیں گے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ قومی تشخص اور دفاعی تنصیبات کو جو نقصان پہنچایا گیا، کیا یہ اس کا خمیازہ بھگتنے کو تیار ہیں، میرا مطالبہ ہے کہ 9 مئی کے مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی مکروہ حرکت نہ کر سکے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور تمام ریکارڈ محفوظ ہے، اسے بدلا نہیں جا سکتا، ان لوگوں کی حرکات سب کے سامنے ہیں، انہوں نے قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام شواہد قوم کے سامنے لے آئے ہیں، تحریک انتشار قوم سے معافی مانگے، 9 مئی کے زیر التوا کیسز کا جلد از جلد فیصلہ ہونا چاہیے، ان ملزمان نے دشمنوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا لہذا انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ آج بھی اسی مائنڈ سیٹ پر عمل پیرا ہیں، یہ آج بیرونی مداخلت کی ڈیمانڈ کرتے ہیں۔

ان کاکہناتھاکہ عمران خان اور ان کے حواریوں نے ہر قدم ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے اٹھایا، ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کیے، ان حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس کے دوران 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کردیں۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ریکارڈ کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا اور نہ اسے مٹایا جاسکتا ہے، 9 مئی کو قومی سلامتی کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی جس کے تمام شواہد ان ویڈیوز میں عوام کے سامنے آچکے ہیں، اب 9 مئی کے کیسز کا فوری طور پر فیصلہ ہونا چاہیے اور نہ صرف ان کیسز کا فیصلہ کیا جانے چاہیے بلکہ ان کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ زیر التوا تمام جوڈیشل کیسز کا جلد سے جلد فیصلہ کیا جانے چاہیے اور دشمنوں کے ایجنڈے کو فروغ دینے والے ان ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا جائے۔عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بار بار اس بات کو دہرایا جاتا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لے کر آئیں، اب یہ سامنے لے آئیں ہیں، بیانات آچکے ہیں، یہ ملک دشمن ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے مزید کہا کہ ان شواہد کی روشنی میں تحریک انتشار کے تمام لوگوں کو معافی مانگنی چاہیے، انہیں ان کیسز کا سامنا کرنا چاہیے اور اب تمام ثبوت قوم کے سامنے آچکے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی بھی مذمت کی۔