سینیٹر روبینہ خالد اور عامر علی احمد کی بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹر میں ڈائریکٹر عثمان کوکب سےملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے  سیکرٹری عامر علی احمد کے ہمراہ   Karandaaz پاکستان کے چیف ڈیجیٹل آفیسر شرجیل مرتضی اور ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر عثمان کوکب سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران  بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کو RAAST پیمنٹ سسٹم کے ذریعے ادائیگی،  خواتین کی بائیومیٹرک تصدیق اور مستحق گھرانوں کے افراد  کو سکل ٹریننگ کے ذریعے روزگار کے مواقع  فراہم  کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینیٹر روبینہ خالد نے  مستحق خواتین کو شفاف اور باعزت طریقے سے رقوم کی ادائیگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رقوم  کی تقسیم کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے  خواتین کی بائیومیٹرک تصدیق بہت ضروری ہے تاکہ ان  کی رقم  کوئی دوسرا استعمال نہ کرسکے۔ سیکرٹری عامر علی احمد نے  RAAST پیمنٹ سسٹم کو پائلٹ مرحلہ کے طور استعمال کرنے کیلئے بی آئی ایس پی کے موجودہ پارٹنر بینکوں کی خدمات لینے کی تجویز پیش کی۔

سینیٹر روبینہ خالد نے   بتایا کہ  بی آئی ایس پی نے  کراچی میں حال ہی میں  بینک الفلاح کے الفا مال پراجیکٹ  کے ساتھ اشتراک کیا ہے جس کے تحت مستحق  ہنرمند خواتین کو ڈیجیٹل کاروبار کے ذریعے اپنی مصنوعات کی نمائش اور مارکیٹنگ کے ذریعے جدید معیشت سے منسلک  کیا جائیگا ۔