اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ہونے والے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور مستقبل کی تجاویز سے آگاہ کیا گیا اس کے علاہ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی جانب سے یکم جولائی 2023 سے 31 دسمبر 2023 تک کے عرصے کے لیے مختص کردہ بجٹ اور اس کے استعمال کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر نے کمیٹی کو بتایا کے آزاد جموں و کشمیر میں ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس 0.78 ہے جبکہ پاکستان کا مجموعی ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس 0.699 ہے۔ اس کے علاوہ آزاد جموں وکشمیر میں پولیو کا ایک کیس بھی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر نے پچھلے سال 54 ارب روپے ٹیکس جمع کیا تھا اور اس سال یہ ہدف 75 ارب روپے ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں کرائم کی شرح پاکستان میں سب سے کم ہے۔آزاد جموں کشمیر ہر سال اپنے بجٹ کا 30 فیصد صحت اور تعلیم پر خرچ کرتا ہے جبکہ اپنے بجٹ کا 40 فیصد ترقیاتی کاموں پر خرچ کرتا ہے۔رواں سال کے لیے آزاد جموں و کشمیر نے 24.160 ارب ترقیاتی کاموں کے لیے اور 13.6151 ارب روپے سماجی کاموں کے لیے اور 6.225 ارب روپے مصنوعات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں 111576.121 ملین روپے سالانہ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت خرچ کیے گئے جبکہ پی ایس ڈی پی کے تحت بننے والے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران پروجیکٹ کی لاگت 7495.70 ہیں۔قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس وقت آزاد جموں اور کشمیر میں پی ایس ڈی پی کے تحت 09 منصوبہ جات زیر تکمیل ہیں جس میں آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کی تعمیر،دومیڈیکل کالجز اور تین پاور پلانٹس شامل ہیں۔حکام نے کمیٹی سے درخواست کی کہ آ زاد جموں و کشمیر اسمبلی کی عمارت کی تعمیر اور اس کے علاوہ جاری منصوبوں کے لیے مختص کی گء رقم کا اجرا کیا جائے تا کہ ان منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔
حکام نے کہا کہ قائمہ کمیٹی سے درخواست کی کہ آزاد جمعوں و کشمیر اسمبلی کی عمارت کی تعمیر کے لئے ہے باقی رقم کے حصول کے لئے آزاد جمعوں و کشمیر کی معاونت کریں۔قائمہ کمیٹی نے جاری منصوبوں کے لیے مختص کی گئی رقم کے بر وقت اجرا جاد کی سفارش کی تا کہ ان منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔ قائمہ کمیٹی کو سیکرٹری وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی جانب سے یکم جولائی 2023 سے 31 دسمبر 2023 تک کے عرصے کے لیے مختص کردہ بجٹ اور اس کے استعمال کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز ندیم احمد بھٹو، دوست محمد خان اور ذیشان خانزادہ کہ علاوہ چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان اور سیکرٹری وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان نے شرکت کی۔