اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر ،سینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ نااہل حکومت کے جانے سے عوام کو ریلیف ملے گا، پیٹرولیم لیوی کی محصولات کا ہدف 120 ارب کے ریلیف پیکج سے زیادہ ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ خود کو ایماندار، دوسروں کو چور کہنے والے پٹرول پر فی لیٹر 21 روپے اور ڈیزل پر فی لیٹر 28 روپے حاصل کر رہے، عوام کو ریلیف تب ملے کا جب یہ نااہل حکومت گھر جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی 10 روپے فی لیٹر لے رہی جو 15 روپے تک لے جائے گی، تباہی سرکار آئی ایم ایف کی شرائط پر لیوی کے ذریعے 250 سے 300 ارب حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف پیٹرولیم لیوی کی محصولات کا ہدف 120 ارب کے ریلیف پیکج سے بھی زیادہ ہے، آئی ایم ایف کا قرضہ حاصل کرنے کے لئے حکومت پیٹرول، بجلی اور گیس کے نرخوں میں مزید اضافہ کرے گی، ملک میں مزید بحران اور مہنگائی کی سونامی آئے گی۔