ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے حکمران کبھی بھی عوام سے مخلص نہیں ہوسکتے، سراج الحق


سوات (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجودہ سیاسی نظام مکمل طورپر ناکام ہوچکا ہے، حکمران کرپشن میں ملوث ہیں جنہوںنے اپنی مفادات کے لئے قوم کو مہنگائی کی دلدل میں دھنسا دیا ہے،پی ڈی ایم کا اتحاد بھی ذاتی مفادات کے علاوہ کچھ نہیں، ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے حکمران کبھی بھی عوام سے مخلص نہیں ہوسکتے،پیپلز پارٹی،مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کو امریکی اور آئی ایف کی غلامی کے علاوہ کچھ نہیں آتا،سودی نظام سے دلوں میں بگاڑ پید اہورہا ہے کیونکہ اسلام میں سودی نظام کا کوئی تصور نہیں لیکن پھر بھی سودی نظام کی طرف راہ ہموار کی جا رہی ہے،ہم ایسے نظام کو نہیں مانتے جس کی شروعات سود سے ہوتی ہو،عوام نے پی ٹی آئی،مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو آزماکر غلطی کی اوراب بھی کررہے ہیں پاکستانی عوام کومشکلات کے مشکلات کی دلدل سے جماعت اسلامی ہی نکالے گی،جماعت اسلامی اس اسلامی نظام کی بات کرتی ہے جو قرآن و سنت اور اللہ کے رسول کے بتائے ہوئے طریقوں کے عین مطابق ہے،

ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے المرکزالاسلامی سنگوٹہ میں ختم بخاری اور دستارِ فضیلت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سراج الحق نے مزید کہا کہ ملک میں ہر نیا آنے والے بچہ مقروض ہے،کمر توڑ مہنگائی نے غریب عوام کا جینا محال کررکھا ہے، لاکھوں نوجوان روز گار سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اورملک روز بروزمعاشی طور پر دیوالیہ ہورہا ہے،قرضوں کے پہاڑ کھڑے کئے جار ہے ہیں لیکن پھر بھی غریب عوام اور مہنگائی میں کوئی کمی نہیں آرہی،حکمرانوں نے اتنی کرپشن کی ہے اور کر رہے ہیں کہ 100 سال تک بھی اگر ان کی نسلیں پیسے طوفان کی طرح اڑائیں تو کرپشن کی دولت ختم نہیں ہوگی،عدالتوں میں انصاف ملنا ناگزیر ہوچکا ہے،کوئی بھی ادارہ ٹھیک سے کام نہیں کر رہا،ہر طرف اداروں میں کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے،اس ملک کو اور غریب عوام کو اگر کوئی خوشحالی او ر ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتاہے تو وہ صرف اور صرف اسلامی نظام ہے،اسلامی نظام میں  ہر سطح کے لوگو ں کو یکساں حقو ق حاصل ہیں،اسلام نے ہر شخص کو اس کے حقوق سے نوازا ہے،اس لئے جماعت اسلامی روز اول سے حقیقی معنوں میں مدینے کی ریاست کی طرح ریاست قائم کرنا چاہتی ہے،ایک ایسی ریاست جس میں یکساں نظامِ تعلیم میسر ہو،انصاف گھر کی دہلیز پر میسر اور قانون سے کوئی بالاتر نہ ہو بلکہ امیر اور غریب سب کو ایک ہی طریقے سے دیکھا جاتا ہو۔تقریب سے صوبائی جنرل سیکرٹری عبد الواسع،امیر ضلع حمید الحق،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خالد فاروق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔