عالمی برادری کشمیراور فلسطین کے تنازعا ت کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے, حریت کانفرنس


 سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی میں کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے حل کے بغیر پائیدار امن و استحکام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے عالمی رہنماوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے اپنا ضروری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیراور فلسطین کے تنازعا ت کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ علاقے میں تعینات دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسزاہلکاروں نے نہتے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے ، مودی حکومت نے اگست 2019کے بعد مقبوضہ علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کرلیے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی کی وجہ سے مقبوضہ جموں وکشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی والا علاقہ بن چکا ہے ۔