پی ڈی ایم کی اپنی صفوں میں یکسوئی نہیں،شاہ محمود قریشی


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی اپنی صفوں میں ابھی تک یکسوئی نہیں، اگر ان کے پاس ووٹ مکمل ہوتے تو یہ حکومت میں ہوتے۔

وزیرخارجہ نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا آئینی استحقاق اور مقابلہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے، اپوزیشن نے بارہا کوششیں کیں مگر انہیں پے در پے ناکامیاں ہوئیں، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی پہلے کی طرح ڈٹ کر اپنے کپتان کا دفاع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی اپنی صفوں میں ابھی تک یکسوئی نہیں، ان کے پاس اگر ووٹ مکمل ہوتے تو آج یہ حکومت میں ہوتے، اب بھی ان کے ووٹ پورے نہیں ہیں اور یہ دائیں بائیں دیکھیں گے۔

تحریک عدم اعتماد لانا پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کا آئینی استحقاق ہے اور تحریک عدم اعتماد سے متعلق پی ڈی ایم کا مقابلہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور حلیف جماعتوں کا سیاسی و اخلاقی فرض ہے کہ سب تحریک کو شکست دیں۔ حزب اختلاف نے وزیر اعظم کو اسمبلی میں پہلی تقریر بھی جم کر نہیں کرنے دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے ارادے پہلے دن سے واضح دکھائی دے رہے تھے اور میں پر امید ہوں کہ ان کی یہ کوشش بھی کامیاب نہیں ہو گی۔ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی ڈٹ کر اپنے قائد کا دفاع کریں گے۔