ہندوستانی فوج مقبوضہ کشمیرمیں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے, ڈاکٹر محمد مشتاق خان

مظفر آباد (صباح نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاہے کہ 6نومبر یوم شہداء جموںہندوستان کی قابض فوج کے جنگی جرائم اور ڈھائی لاکھ سے زائد کشمیریوں کا قتل انسانی تاریخ کی بدترین مثال ہے،ہندوستان نے  جموں سے لاکھوں مسلمانوں کو پاکستان لے جانے کا دھوکہ دے کر جمع کیا اور آرایس ایس کے غنڈوں اور قابض فوج نے بچوں خواتین اور بزرگوں کاقتل عام کیا،یہ قتل عام تاریخ کا بدترین قتل عام ہے،پوری دنیا میں ایسا کوئی واقع نہیں جس میں دھوکہ دے کر لاکھوں انسانوں کو جمع کیاجائے اور ان کا سفاکی سے قتل عام کیاجائے،جماعت اسلامی شہداء کے مشن کی آمین اور ہندوستان کی قابض فوج کے آخری فوجی کے کشمیرسے انخلاء تک جہاد جاری رکھے گی،شہداء کا مقدس لہوہندوستان کے حصے بخرے کرنے کاعنوان بنے گا

ان خیالات کااظہارانھوں نے یوم شہداء جموں کے حوالے سے تقریبات میں خطاب کرتے ہوئے کیاانھوں نے اعلان کیاکہ جماعت اسلامی پوری دنیا میں جہاں بھی کشمیر مقیم ہیں ہندوستانی فوج کے جنگی جرائم کو بے نقاب کرے گی،وکلاء برادری اور انسانی حقوق کے ادارے ہندوستانی فوج کے ان جنگی جرائم اور مابعد مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے جنگی جرائم کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جائیں،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جائیں اور
ہندوستان کے خلاف فیصلے اور وقراردادیں پاس کراکر کارراوئی کرائیں،

انھوں نے کہاکہ حکومت آزاد کشمیراس حوالے سے خصوصی اہتمام کرے،ہندوستانی فوج مقبوضہ کشمیرمیں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے تمام اسلامی ممالک ہندوستان کے ساتھ سفارتی سیاسی اور معاشی بائیکاٹ کااعلان کریں،ہندوستان اور اسرائیل گٹھ جوڑ پوری امت کے خلاف ہے۔