اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات کاچوتھا اجلاس 7نومبر بروز جمعرات پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا۔اجلاس میں سیکرٹری کابینہ ڈویژن کامران علی افضل اراکین قومی اسمبلی جانب سے نشاندہی کردہ ترقیاتی سکیموں ، فنڈز کی فراہمی اور کام کی پیش رفت کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دیں گے۔
وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی، ملتان نئے اضافی بلاک کی تعمیر کے حوالہ سے فنڈز مختص کرنے کے معاملہ پر بریفنگ دیں گے۔جبکہ سیکرٹری وزارت ریلویزمین لائن ون(ایم ایل ون)منصوبہ کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دیں گے۔اجلاس میں گزشتہ کمیٹی اجلاس کے منٹس کی توثیق کی جائے گی جبکہ کمیٹی کی سابقہ تجاویز پر عملدرآمد کے حوالے سے جامع رپورٹ کاجائزہ بھی لیا جائے گا۔
جبکہ کمیٹی چیئرمین کی اجازت سے کسی اورمعاملہ پر بھی بات کی جاسکے گی۔ اجلاس کمیٹی چیئرمین سید عبدالقادرگیلانی کی زیر صدارت کمیٹی روم نمبر2،پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد ،دن 11بجے منعقد ہوگا۔ کمیٹی ارکان ملک سہیل احمدخان کمڑیال، میجر (ر)طاہر اقبال، چوہدری محمد شہبازبابر، احمدرضا مانیکا، خان محمد صدیق خان بلوچ، محمد عثمان اویسی، مس اختربی بی، سید علی موسیٰ گیلانی، ذولفقاربچانی، مس ناز بلوچ، مس ازبل زہری، فرحان چشتی، سلیم رحمان، علی اصغر خان، یوسف خان، داوڑ خان کنڈی، محمد امیرسلطان، محمد معظم علی خان جتوئی اور ایکس آفیشیو ممبر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اورخصوصی اقدامات احسن اقبال چوہدری شرکت کریں گے۔ جبکہ اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر منصورعثمان اعوان کو بھی اجلاس میںشرکت کے حوالہ سے خصوصی دعوت دی گئی ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر/سیکرٹری کمیٹی نازش طارق کی جانب سے جاری کمیٹی اجلا س کے نوٹس میں اراکین کمیٹی ست رخواست کی گئی کہ وہ کمیٹی اجلاس میں شرکت کویقینی بنائیں۔ وفاقی سیکرٹری برائے وزارت منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری وزارت ریلویز، وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان، سیکشن آفیسر (کونسل)، وزارت منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات اور سیکشن آفیسر (کونسل)کابینہ ڈویژن اورسیکشن آفیسر (کونسل)وزارت ریلویز کوہدایت کی گئی کہ وہ تمام متعلقہ حکام اور شعبوںکے سربراہوں کے ساتھ کمیٹی اجلاس میں شرکت کریںاور اجلاس سے کم ازکم3ورکنگ روز قبل بریفنگ کے حوالے سے 50،50کاپیاں فراہم کریں اور بریفنگ کی سافٹ کاپی بھی ای میل بھی کریں۔ اجلاس کے حوالہ سے نوٹیفکیشن کی کاپی تمام متعلقہ حکام کوبھجوائی گئی ۔