اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی اسلام آباد کے سابق سیکریٹری جنرل انجینئر طاہر خان اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)کی اُردو سروس کے ڈائیریکٹر ، سینئر صحافی عبدالجبار ذکریا کی والدہ ماجدہ انتقال کرگئیں۔مرحومہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نائب امیر انجینئر محمد خالد خان اور جماعت اسلامی حلقہ خواتین اسلام آباد کی ناظمہ نصرت ناہید کی خوشدامن تھیں۔مرحومہ کو اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، نماز جنازہ جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق نے پڑھائی۔
نماز جنازہ میں صدر پاکستان کے پریس سیکریٹری اختر منیر ، ایسوسی ایٹڈ پریس کے اہلکاران، اٹامک انرجی کے اعلی آفیسر ان ، جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیرانجینئر نصراللہ رندھاوا، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر صفدر،جماعت آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل جہانگیر خان، نائب امیر راجہ فاضل تبسم دیگر راہنمائوں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔قبل ازیں شرکا جنازہ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سابق امیر سراج الحق نے کہا کہ اللہ نے جہاں اپنی عبادت کا حکم دیا ہے وہیں والدین سے حسن سلوک کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اولاد کو نیک اعمال کے ذریعے والدین کے لئے صدقہ جاریہ بننا چائیے۔آج فتنہ کا دور ہے ، فتنوں سے دور رہیں اور دین کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں۔سراج الحق نے کہا کہ تہذیبی کشمکش میں دین اسلام کی تہذیب سے جڑے رہیں اور مغربی تہذیب کو اپنے حسن کردار سے شکست دیں۔