اسلام آباد(صباح نیوز)قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ پاکستان بین المذاہب اور بین العقائد ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے اور پر امن بقائے باہمی کے زریعے ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کر سکتے ہیں ۔قائمقام چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہاوس میں اپنے چیمبر میں منعقدہ دیوالی کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب کے دوران کیا۔
قائم مقام چیئرمین سیدال خان کی جانب سے ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے سینیٹر دنیش کمار کو مبارکباد دینے کے لیے کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹر دنیش کمار، قائم مقام چیئرمین سیدال خان، مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان الحق صدیقی سمیت مختلف جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ اور سینیٹ اعلی حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے دیوالی کے موقع پر سینیٹر دنیش کمار کو مبارکباد دی۔ سینیٹر دنیش کمار نے قائم مقام چیئرمین سینٹ سیدال خان پاکستان مسلم لیگ نون کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان الحق صدیقی اور دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی برادری کے ساتھ پیار اور محبت کے اس عظیم جذبے پر خوشی کا اظہار کیا۔