مونال ریسٹورنٹ کے مقام کو مارگلہ ویو پوائنٹس کا نام دے دیا گیا

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد میں مونال ریسٹورنٹ کے مقام کو مارگلہ ویو پوائنٹس کا نام دے دیا گیا۔  اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی سربراہ رائنہ سعید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اب مونال کی جگہ کو “مارگلہ ویو پوائنٹ” نام دیا گیا ہے۔ یہاں قائم دو ہوٹلز کو سپریم کورٹ کے احکامات پر گرایا گیا ہے۔ یہاں پر جو دو ہوٹل قائم ہوئے وہ غلط تھا۔رائنہ سعید نے کہا کہ یہاں پر بے تحاشہ جنگلی حیات موجود ہے۔ اس جگہ عوام کی تفریح کیلئے پارک ہوگا۔ جنگلی حیات کا علاقہ 4 زون پر مشتمل ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری بورڈ ممبر عمرانہ ٹوانہ ایک پلان بنارہی ہیں۔ آرکیٹیکچر ڈیزائن اگلے ماہ تک مکمل ہوجائے گا۔ یہاں پانی ذخیرہ کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔ عوامی آگاہی کیلئے ایک پبلک سینٹر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنگل میں آگ پر قابو پانے کیلیے فائر فائٹنگ سینٹر ہوگا، سائنٹیفک مینجمنٹ پلان تیار ہو رہا ہے۔ یہاں سے کچھ فاصلے پر خیبر پختونخوا شروع ہو رہا ہے۔

کے پی سے پہلے ایک بفر زون بھی قائم ہوگا۔ممبر بورڈ عمرانہ ٹوانہ نے کہا کہ نیشنل پارک عوام کی امانت ہوتی ہے، دارالحکومت میں وائلڈ لائف پارک ہے۔انکا کہنا تھا کہ ماحول کی بہتری کیلئے ایکو ماڈل بنا رہے ہیں۔ کلائمیٹ چینج کی بنا پر برے اثرات ہو رہے ہیں۔ ہم دنیا بھر کیلئے ایک اچھی مثال بننا چاہتے ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران رائنہ سعید نے بتایا کہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ 2015 میں قائم ہوا۔