سینئر جج جسٹس عائشہ اے ملک کی عدالت میں نواز شریف نامی درخواست گزار کی درخواست پر سماعت، فریقین کے درمیان سمجھوتہ ہونے کی بنیاد پر درخواست خارج

اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ کی سینئر جج جسٹس عائشہ اے ملک کی عدالت میں نواز شریف نامی درخواست گزار کی درخواست پر سماعت۔ عدالت نے فریقین کے درمیان سمجھوتہ ہونے کی بنیاد پر درخواست خاری کردی۔ جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل 2رکنی بینچ نے بدھ کے روز سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 6میں فائنل اورسپلمینٹری کاز لسٹ میں شامل 37کیسز کی سماعت کی۔

بینچ نے نوازشریف کی جانب سے محمد کاشف عمران اوردیگر کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ جب کیس سماعت کے لئے پکاراگیا تو جونیئر وکیل کی جانب سے بتایا گیا کہ وکیل3نمبر عدالت میں مصروف ہیں۔ اس پر جسٹس عائشہ اے ملک نے ہدایت کی کہ وکیل کوبلوائیں وگرنہ ہم درخواست خار ج کردیتے ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔جب دوبارہ کیس سماعت کے لئے پکارا گیا تووکیل ویڈیو لنک کے زریعہ سپریم کورٹ لاہوررجسٹری سے پیش ہوئے۔ وکیل نے بتایا کہ فریقین کے درمیان سمجھوتہ ہوگیا ہے۔ اس پر عدالت نے درخواست خارج کردی۔