راولپنڈی(صباح نیوز)سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومین کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون اور صنعتی اشتراک کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز رہی جبکہ مشترکہ فوجی مشقوں اور پاک فضائیہ کے آلات کی تکنیکی معاونت کے ذریعے موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے نئے مواقع تلاش کئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے روس کے ساتھ عسکری تعلقات کو مضبوط کرنے پر زور دیتے ہوئے مشترکہ تربیتی پروگرامز، فوجی مشقیں اور صنعتی اشتراک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومین نے موجودہ قیادت کے تحت پاک فضائیہ میں ہونے والی حالیہ شاندار پیشرفت کو سراہا۔ روس کے نائب وزیر دفاع نے پاکستان کے ساتھ موجودہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے عسکری تعلقات اور پاک فضائیہ کے آلات کے لئے تکنیکی معاونت کی فراہمی جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔