اصل خوشی اس دن ہوگی جب عمران خان رہاہوں گے،بشری بی بی

پشاور(صباح نیوز)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی نے کہا ہے کہ اصل خوشی اس دن ہوگی جب عمران خان رہاہونگے،پارٹی کارکنان اوررہنمائوں کوبانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوشش کرنی چاہیے، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی سے صدرو ویمن ونگ پی ٹی آئی کنول شوزب نے وزیراعلی ہائوس خیبرپختونخواہ میں ملاقات کی جس میں انہوں نے بشری بی بی کو جیل سے رہائی پر مبارکباد دی جس پر بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی نے کہا کہ بس آپ لوگ بانی پی ٹی آئی کی فکرکریں، اصل خوشی اس دن ہوگی جب بانی پی ٹی آئی رہاہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں خیریت سے ہوں ۔بشری بی بی اور کنول شوزب کے درمیان ملاقات میں مختلف پارٹی امور سمیت بانی پی ٹی آئی کے کیسوں و ملکی سیاست پر گفتگو ہوئی ۔رہنما پی ٹی آئی کنول شوزب کا کہنا ہے کہ بشری بی بی کمزور ہیں ان کا وزن گر چکا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روزراولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد بشری بی بی بنی گالا میں قیام کی بجائے پشاورروانہ ہو گئیں تھیں پشاور پہنچنے پر انہوں نے وزیراعلی ہائوس کی انکیسی میں قیام کیا   جبکہ انکیسی میں تمام افراد کے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ۔بشری بی بی کیلئے الگ کمرہ اور خصوصی سٹاف کا اہتمام کیا گیا اس کے علاوہ سابق خاتون اول کے اعزاز میں گزشتہ رات عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔  انکیسی میں بغیر اجازت جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔ انکیسی میں کسی آفیسر، ایم پی اے اوروزرا ء کو جانے کی اجازت بھی نہیں دی گئی  ۔