قوم سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھے ان کے مشن کو آگے بڑھائے،بلاول بھٹو زرداری

کراچی(صباح نیوز)  پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کی 17ویں برسی کے موقع پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم یہ تجدید عہد کرتے ہیں کہ جمہوریت کی حفاظت کریں گے، انتہاپسندی کے خلاف ڈٹ جائیں گے اور یہ یقینی بنائیں گے کہ کوئی طاقت ہمارے پیارے ملک کی ترقی کو پٹڑی سے نہیں اتار سکتی۔ میڈیا سیل بلاول ہاس سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس المناک دن کو یاد کرتے ہوئے، جب 180 بہادر جیالوں نے جام شہادت نوش کیا،

انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عوام کی خدمت میں جمہوریت، انصاف اور قربانی کے اصولوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کارساز حملہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو اورپارٹی کی مرکزی قیادت کو اس وقت نشانہ بنایا،جب لاکھوں لوگ ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ کارساز ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے بہادر جیالوں نے جمہوریت کے عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانی ہمارے اس طویل اور پرامن جمہوری پاکستان کے سفر کا اٹوٹ حصہ ہے، ایک ایسا سفر جس کی قیادت شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے ساتھ مضبوط ہے۔ہم ہر پاکستانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گے اور جمہوریت کی حفاظت کریں گے۔

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ان کے مشن کو آگے بڑھائیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نیشہدا کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ ان کے پیاروں کی یاد کو عزت و احترام سے زندہ اور ان کے مشن کو آگے بڑھائے گی۔