سی پیک کا دوسرا مرحلہ انتہائی اہم ہے اور اس پر پیش رفت جاری ہے،  یوسف رضا گیلانی


اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ انتہائی اہم ہے اور اس پر پیش رفت جاری ہے،چین کی کمپنیوں نے جس احسن طریقے سے یہاں کام کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے  پاکستان میں چائنہ چیمبر آف کامرس کی رپورٹس کے اجراکے موقع پر خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تیز ی سے بدلتی جیو اکنامک ، جیو اسٹریٹجک صورتحال معاشی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کی اہمیت کو بڑھا دیتی ہے،اجتماعی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ علاقائی روابط وتعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،پاکستان دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹریٹجک محل وقوع، بھرپور قدرتی وسائل اور افرادی قوت پاکستان کو ایک پرکشش ملک بناتی ہے،توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تجارت، سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔