ایس سی او سربراہی اجلاس،اسلام آباد میں غیر معمولی سکیورٹی انتظامات


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم( ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر اسلام آباد پولیس  نے  ایک جامع اور مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کے 9 ہزار جوان وافسران سکیورٹی ڈیوٹی دیں گے ۔

پولیس نے  سمٹ وینیوز، ایئر پورٹس، نور خان ایئر بیس سمیت روٹس اور فنل ایریاز، ہوٹلز اور وفود کی رہائش گاہوں پر سیکیورٹی ڈیوٹیز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔منگل اور بدھ کو ہونے والی دو روزہ سربراہی کانفرنس میں بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر، روس کے وزیر اعظم میخائل میشوسٹن اور چینی وزیر اعظم لی کیانگ سمیت دیگر عالمی رہنما اجلاس میں شریک ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف   اجلاس کے موقع پر وفود کے سربراہوں سے اہم ملاقاتیں کریں گے جہاں اجلاس میں معیشت، تجارت، سماجی وثقافتی تعلقات، ماحولیات کے شعبوں میں تعاون پر بات ہوگی جبکہ تعاون کے فروغ سے متعلق اہم فیصلے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری بھی دی جائے گی۔شنگھائی تعاون تنظیم میں چین، بھارت، روس، پاکستان، ایران، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان اور بیلاروس شامل ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ 16 مزید ممالک مبصر یا ڈائیلاگ پارٹنرز کے طور پر وابستہ ہیں۔بھارت کے سوا تمام رکن ممالک سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اجلاس میں حکومتی سربراہان بھیجیں گے جہاں بھارت نے اپنے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کو اجلاس کے لیے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ ایس سی او سمٹ 2024 اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے۔ ٹریفک کا مربوط اور جامع پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے مشکلات کا سامنا ہو۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ سرچ اور انفارمیشن بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ تمام غیر ملکی سربراہان، وفود اور غیر ملکی مہمانوں کی بھرپور سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پولیس کے ساتھ وزارت خارجہ، ضلعی انتظامیہ، پاکستان آرمی، رینجرز، ایف سی اور دیگر صوبائی پولیس، انٹیلیجنس ایجنسیاں، ٹریفک پولیس اور اسپیشل برانچ کے افسران و جوان بھرپور سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے 93 فیصد فورس بھرپور سیکیورٹی انتظامات کے لیے تعینات کی ہے۔ ایس سی او سمٹ 2024 کی سیکیورٹی کے لیے اسلام آباد پولیس کے 09 ہزار سے زائد افسران و جوان اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اسلام آباد پولیس ایس سی او سمٹ 2024کی بھرپور سیکیورٹی کو یقینی بنائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کو ایس سی او سمٹ 2024 کی بھرپور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے عوام الناس کے تعاون کی ضرورت ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک کامیاب سمٹ منعقد ہوگی۔