راولپنڈی(صباح نیوز) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دو الگ الگ آپریشنز میں چار خوارج مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 9 اکتوبر کو ضلع بنوں کے عمومی علاقے جانِ خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو خوارج ہلاک کردیے گئے۔10 اکتوبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں ایک اور آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسزنے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا،
اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید دو خوارج مارے گئے۔ مارے گئے خوارج سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں، اغوا اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کی تلاش اوران سے علاقے کو پاک کرنے کا عمل جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔