شمالی غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ،اسرائیلی فوج نے جبالیہ کا محاصرہ کر لیا

غزہ (صباح نیوز)شمالی غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے،اسرائیلی فوج نے جبالیہ کا محاصرہ کر لیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، جہاں چار روز سے توپ خانے، فضائی حملے اور مشرقی و مغربی اطراف سے زمینی دراندازی کی جا رہی ہے۔ یہ جنگ کے آغاز سے اب تک تیسری بڑی جارحیت ہے، جس کا مقصد علاقے کے ڈھائی لاکھ سے زائد شہریوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنا اور انہیں جنوبی غزہ کی طرف ہجرت پر مجبور کرنا ہے۔ لیکن یہاں کے بہادر عوام اس ظلم کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔ جو لوگ نکلنے کی کوشش کرتے ہیں، ان پر قابض فوج کی گولیاں برسائی جاتی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے جبالیہ کے علاقے کا سخت محاصرہ کر رکھا ہے، جہاں نہ خوراک پہنچنے دی جا رہی ہے، نہ پانی اور نہ ہی ادویات۔ شہریوں کی طرف سے پانی کی کمی کی دردناک اپیلیں سامنے آ رہی ہیں جبکہ ان کی فریادیں عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لئے کافی ہیں۔علاقے کے محدود ہسپتال بھی محفوظ نہیں۔ اسرائیلی فوج نے ان کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور ان کے قریب بمباری کی جا رہی ہے جبکہ ہسپتالوں کو خالی کرنے کے لیے ایک دن کی مہلت دی گئی ۔ ہسپتال پہلے ہی طبی وسائل اور ایندھن کی شدید کمی کا شکار ہیں۔اسرائیلی فوج نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ صلاح الدین شاہراہ کے ذریعے جنوب کی طرف نقل مکانی کریں لیکن ان راستوں پر نکلنے والے شہریوں اور امدادی عملے پر فائرنگ کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

پچھلے دو ہفتوں سے غزہ اور شمالی غزہ کے علاقوں میں کسی قسم کی امداد یا تجارتی سامان نہیں پہنچنے دیا گیا، جہاں تقریبا سات لاکھ افراد رہتے ہیں۔ یہ صورتحال ایک انسانی المیے کو جنم دے سکتی ہے اور قحط کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔یاد رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے دوران جبالیا کو دو بار تباہی کا نشانہ بنایا جا چکا ہے، جہاں 80 فیصد سے زائد انفراسٹرکچر اور مکانات تباہ ہو چکے ہیں لیکن یہاں کے عوام اپنے گھروں کو چھوڑنے سے انکار کر رہے ہیں۔ وہ اپنے حق کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں، اور قابض فوج کی جارحیت کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں،آپ اور ہر وہ شخص جو یہ پیغام پڑھ رہا ہے، غزہ اور اس کے شمالی حصے کے لیے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ اپنی بے عملی سے غزہ کے اس مضبوط قلعے کو مت گرنے دیں۔ جبالیا ہمیشہ سربلند رہے گا، انشا اللہ، اور کبھی نہیں گرے گا۔