سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ سے افریقی سفیروں کی وزارت خارجہ میں مشترکہ ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ سے افریقی سفیروں نے وزارت خارجہ میں مشترکہ ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان ۔افریقہ دوستی کے موضوع کے تحت شجر کاری کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔  وزارت خارجہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ نے وزارت خارجہ میں افریقی براعظم کے 14 سفیروں کا خیر مقدم کیا۔یہ ملاقات حکومت کی انگیج افریقہ پالیسی کے مطابق وزارت خارجہ کے افریقہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان کے براعظم افریقہ میں 19 سفارتی مشن ہیں جبکہ 14 افریقی مشن اسلام آباد میں قائم ہیں۔

اس موقع پر پاکستان ۔افریقہ دوستی کے موضوع کے تحت شجر کاری کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ وزارت کے لان میں شجرکاری کے بعد سفیروں نے سیکرٹری خارجہ سے اجتماعی ملاقات کی جس میں انہوں نے اپنی ترجیحات اور دو طرفہ تعلقات کے اہم پہلوئوں کا خاکہ پیش کیا۔سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے پاکستان اور افریقہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر روشنی ڈالی اور اسلام آباد میں تعینات افریقی سفیروں کے گراں قدر تعاون کو سراہا۔ انہوں نے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور اعلی سطح کے سیاسی تعلقات میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

فریقین کے درمیان تجارت کے حجم میں گزشتہ چار برسوں میں 75 فیصد اضافہ ہوا ہے جس میں مزید اضافہ کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔ سلطنت مراکش کے سفیر اور افریقی ڈپلومیٹک کور کے ڈین محمد کارمون نے اس موقع پر باہمی تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرنے پر سیکرٹری خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور شجرکاری کی بے مثال تقریب کو سراہا